مانسہرہ: دو گروپوں میں فائرنگ،بیچ بچائو کرانے والا نوجوان جاں بحق

وقاص انور عرف کاشی ولد انور خان بیچ بچاؤ کروا رہے تھے، اچانک فائرنگ کی زد میں آگئے، ملزمان پر مقدمہ درج

September 17, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مانسہرہ:تھانہ بفہ کی حدود میں دو گروپوں میں تصادم، بیچ بچاؤ کرانے والا نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

تھانہ بفہ کی حدود میں دو گروپوں کے مابین تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا کہ اس دوران وقاص انور عرف کاشی ولد انور خان بیچ بچاؤ کروا رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی نوجوان کو فوری طور پر سول ہسپتال بفہ منتقل کیا گیا،جہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ ریفر کردیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ تین ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ بفہ سید عاصم بخاری کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔