سندھ کابینہ نے صوبے کی جامع اسپورٹس پالیسی کی منظوری دے دی
نئی پالیسی میں اسپورٹس کمپلیکس، اکیڈمیز اور کھلاڑیوں کے لیے وظائف شامل
فائل فوٹو
کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے کی جامع اسپورٹس پالیسی کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ’’سب کے لیے کھیل‘‘ کے وژن کے تحت نئی اسپورٹس پالیسی کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت کھیلوں کے صوبائی اختیار کو مؤثر بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔
صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے اجلاس میں اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی نئی اسپورٹس پالیسی میں موہن جو دڑو سے جڑی سندھ کے قدیم کھیلوں کی تاریخ کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں جسمانی تعلیم کی بحالی اسپورٹس پالیسی کا حصہ ہوگی۔
ضلعی سطح پر اسپورٹس کمپلیکس اور تعلقہ سطح پر کثیرالمقاصد کھیلوں کی سہولیات قائم ہوں گی۔ سندھ میں اسپورٹس ہاسٹلز اور کھیلوں کی اکیڈمیز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ کھیلوں کے لیے خصوصی سائنسی اور اینٹی ڈوپنگ سہولیات قائم کی جائیں گی۔
سندھ اسپورٹس بورڈ تعلقہ سطح تک کھیلوں کے انتظامی نظام کی نگرانی کرے گا۔ کھیلوں کے شعبے میں سخت ضابطۂ اخلاق اور ملازمتوں میں کوٹے کا نظام ہوگا، جبکہ مستحق کھلاڑیوں کے لیے وظائف اور خصوصی فلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔ باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔
سندھ کابینہ نے ڈویژن کی سطح پر اسپورٹس سٹیز کے قیام کے منصوبے کی منظوری بھی دی۔ سندھ کابینہ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا۔
دریں اثنا صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر جمعہ کو سندھ کی نئی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیں گے۔