راولپنڈی میں خاتون سے اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی ، ملزم فرار
متاثرہ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر والد کے دوست کیخلاف مقدمہ درج
فائل فوٹو
راولپنڈی: تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں شادی شدہ لڑکی کو ان کے والد کے دوست نے اسلحے کی نوک پر مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
متاثرہ لڑکی کی والدہ نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ بچوں کے ہمراہ صوابی گئی ہوئی تھیں اور میری بیٹی کے ہاں بیٹی پیدا ہوئے تقریبا 40 دن ہوئے ہیں جو میرے گھر پر ہی ٹھہری ہوئی ہے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ میری غیر موجودگی میں میرے شوہر کا دوست ناصر خان میرے گھر آیا اور میری بیٹی کے ساتھ اسلحے کی نوک پر زبردستی زیادتی کی۔
مقدمے کے لیے درج درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ملزم بیٹی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا، بیٹی نے فون کرکے سب بات بتائی جبکہ میرے پہنچے تک ملزم فرار ہوگیا۔
درخواست گزار خاتون نے استدعا کی ہے کہ میری بیٹی کے ساتھ ان کے والد کے دوست نے زیادتی کی ہے لہٰذا قانونی کاروائی کی جائے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروا کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔