10 روپے کا نوٹ بند ہونے کی آخری تاریخ سے متعلق خبریں بے بنیاد : اسٹیٹ بینک
اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے جو حکومت کے زیر غور ہے، ترجمان
فائل فوٹو
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کی تردید کردی۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے واضح کیا کہ 10 روپے کے نوٹ کی مبینہ بندش سے متعلق اطلاعات بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے، تاہم نئے نوٹوں کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ کو تبدیل یا بند کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اگر اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا گیا تو عوام کو سرکاری ذرائع سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اگر مستقبل میں کسی بینک نوٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اسے تبدیل کرانے کے لیے عوام کو مناسب وقت بھی دیا جائے گا۔