ذخیرہ اندوزوں سے ضبط گندم میں خوردبرد، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افسران معطل

اسسٹنٹ کمشنر سوبھودیرو شاہ محمد ، مختیارکار سوبھودیرو وقار شیخ ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خیرپور مشتاق احمد شیخ اور انچارج پی آر سی رانی پور پیر بخش جونو شامل

September 17, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:ذخیرہ اندوزوں سے ضبط کی گئی گندم میں خوردبرد پر اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار اور فوڈ کنٹرولر سمیت 4 افسران معطل کر دیئے گئے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے چاروں افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق معطل افسران گندم کی مبینہ خوردبرد، بدانتظامی اور بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے، اسسٹنٹ کمشنر سوبھودیرو شاہ محمد اور مختیارکار سوبھودیرو وقار شیخ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خیرپور مشتاق احمد شیخ اور انچارج پی آر سی رانی پور پیر بخش جونو بھی معطل کردیئے گئے۔

ترجمان چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کارروائی سندھ حکومت کی حالیہ انسدادِ ذخیرہ اندوزی مہم کے دوران ضبط کی گئی گندم میں مبینہ خردبرد پر کی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے معطل افسران کے کیسز مزید تحقیقات کیلئے محکمہ اینٹی کرپشن سندھ اور وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کو بھجوا دیئے، تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔