بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ سے نواز دیا گیا

کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے 180 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی

September 18, 2026 · قومی
بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ سے نواز دیا گیا

بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ سے نواز دیا گیا

پشاور: اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی اور پارلیمانی کاکسز کے قیام کے اعتراف میں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے 180 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق کے لیے کاکسز کے قیام اور قانون سازی کے حوالے سے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ دیا گیا۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی خود ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب میں موجود نہیں تھے، ان کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن احمد کنڈی نے ایوارڈ وصول کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد کنڈی نے کہا کہ اسپیکر بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ ملنا خیبرپختونخوا اور پاکستان کے لیے باعث اعزاز ہے۔

احمد کنڈی نے کہا کہ ایوان میں اسپیکر کے کردار کو سراہا جاتا ہے، انہوں نے تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارکان کے درمیان اتفاق رائے اور تعاون کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی میں متعدد اہم قوانین اتفاق رائے سے منظور کیے گئے۔