میر رضا کیس، جوڈیشل کمیشن کا سینئر پولیس افسران سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ

کمیشن کے سامنے کیس کے سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری کا بیان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کا مؤقف بھی سنا گیا۔

September 18, 2026 · قومی
میر رضا کیس، جوڈیشل کمیشن کا سینئر پولیس افسران سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ

میر رضا کیس، جوڈیشل کمیشن کا سینئر پولیس افسران سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے سینئر پولیس افسران کو طلب کرنے کے بجائے ان سے تحریری جواب لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیشن نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں سماعت کے دوران پیش آنے والی پیش رفت اور مختلف افراد کے بیانات کا ذکر کیا گیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق کمیشن کے سامنے کیس کے سابق تفتیشی افسر شبیر لغاری کا بیان ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے کا مؤقف بھی سنا گیا۔

کمیشن نے احمد بھاردے کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ اہلخانہ سے ملاقات کے بعد مزید کوئی بات سامنے لانا چاہتے ہیں تو حلف نامے کے ذریعے اپنا مؤقف جمع کراسکتے ہیں۔ حکم نامے کے مطابق حلف نامے کی صورت میں جمع کرایا گیا بیان عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔

دوسری جانب کمیشن نے سینئر پولیس افسران کو ذاتی طور پر طلب کرنے کے بجائے ان سے تحریری جواب طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میر رضا کیس کی تحقیقات کے دوران کمیشن کی جانب سے پولیس تفتیش، شواہد اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔