اسحاق ڈار سے ترک سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں

دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

September 18, 2026 · قومی
اسحاق ڈار سے ترک سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں

اسحاق ڈار سے ترک سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترکیہ کے سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سے ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ مسائل کے حل اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور بھی زیر غور آئے۔ ترک سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت سے نائب وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھ رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مشترکہ کمیشن اور پاک ترکیہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

نائب وزیراعظم نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ مشترکہ کمیشن اور اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاسوں کی تیاری کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے۔

دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے برطانیہ کے حالیہ دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ ہوا۔