پی ای سی رجسٹرار کی بھرتی کا اشتہار اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
جسٹس خادم حسین سومرو نے انجینئر خادم حسین کی درخواست پر کیس کی سماعت کی
پی ای سی رجسٹرار کی بھرتی کا اشتہار اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل کے رجسٹرار کی بھرتی کے لیے جاری اشتہار کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ عدالت نے تعیناتی کا عمل جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے حتمی حکم جاری کرنے سے روک دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے انجینئر خادم حسین کی درخواست پر کیس کی سماعت کی اور پاکستان انجینئرنگ کونسل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے اشتہار 23 اگست 2026 کو جاری کیا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ملازمین کی تقرری، ترقی اور تبادلوں سے متعلق 2020 کے قواعد میں رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے اہلیت اور طریقہ کار واضح کیا گیا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ قواعد کے تحت اگر سینئر ایڈیشنل رجسٹرار دستیاب ہو تو سلیکشن بورڈ کو اہل سینئر افسران میں سے کم از کم تین نام تجویز کرنا ہوتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل ایکٹ اور متعلقہ قواعد میں رجسٹرار کی براہ راست تعیناتی کی گنجائش موجود نہیں، اس لیے جاری کیا گیا اشتہار قانونی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رجسٹرار کی تعیناتی کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی، تاہم حتمی احکامات جاری کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی۔