کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 15 شہید، عمارت تباہ

بارودی مواد سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

September 18, 2026 · اہم خبریں
کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 15 شہید، عمارت تباہ

کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 15 شہید، عمارت تباہ

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی نے اولڈ پولیس لائنز کے گیٹ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں جبکہ اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب بھی دھماکے کی اطلاع ملی۔
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق حملہ فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں نے کیا، جبکہ ایک دہشت گرد مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
دھماکے کے نتیجے میں مسجد کی بیرونی دیوار منہدم ہوگئی اور جائے وقوعہ پر گہرا گڑھا پڑ گیا، جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ضلعی صدر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد کوہاٹ ہنگو روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ امدادی اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ پر کارروائیاں جاری ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔