سکھر میں ڈیزل چوری کا بڑا منصوبہ ناکام، 12 ملزمان گرفتار، 2700 لیٹر ڈیزل برآمد
گرفتار ملزمان مبینہ طور پر آئل ڈپوز اور پیٹرول پمپس سے ڈیزل چوری کرکے فروخت کرتے تھے۔
سکھر میں ڈیزل چوری کا بڑا منصوبہ ناکام، 12 ملزمان گرفتار، 2700 لیٹر ڈیزل برآمد
سکھر: پولیس نے ڈیزل چوری اور غیر قانونی فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ چوری شدہ ڈیزل سے بھری 6 گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 2700 لیٹر چوری شدہ ڈیزل برآمد کیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی سکھر احمد چوہدری کی ہدایت پر ڈی ایس پی عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں تھانہ آباد پولیس نے کارروائی کی۔ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر آئل ڈپوز اور پیٹرول پمپس سے ڈیزل چوری کرکے فروخت کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان شہر کے مختلف مقامات پر غیر قانونی طور پر ڈیزل فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ گرفتار افراد کے خلاف تھانہ آباد میں دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جن میں چوری، چوری کا مال رکھنے اور مشترکہ ارادے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔