میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافہ، پی ایم ڈی سی کا نوٹیفکیشن معطل

پی ایم ڈی سی کی جانب سے طلبہ سے کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر اضافی فیس وصول کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

September 18, 2026 · قومی
میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافہ، پی ایم ڈی سی کا نوٹیفکیشن معطل

میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافہ، پی ایم ڈی سی کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے سے متعلق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

جسٹس خالد اسحاق نے سینٹرل پارک میڈیکل کالج کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار ادارے کی طرف سے ایڈووکیٹ رمضان ڈھڈی نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیکل کالج نے طلبہ سے داخلے کے وقت 21 لاکھ روپے فیس وصول کی تھی، جس کے بعد پی ایم ڈی سی نے سالانہ فیس میں 5 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وکیل کے مطابق پی ایم ڈی سی کی جانب سے طلبہ سے کنزیومر پرائس انڈیکس کی بنیاد پر اضافی فیس وصول کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پی ایم ڈی سی کو اپنی جانب سے میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافہ کرنے کا اختیار حاصل نہیں، جبکہ فیسوں میں تبدیلی کے لیے متعلقہ قوانین میں پارلیمنٹ کے ذریعے ترمیم کی جاسکتی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ پی ایم ڈی سی کی جانب سے میڈیکل طلبہ کی فیسوں میں اضافے سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد پی ایم ڈی سی کے فیسوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن کی کارروائی معطل کردی۔