پی ٹی آئی لانگ مارچ؛کے پی حکومت کی سرکاری افسران اور وسائل کے استعمال پر پابندی
مارچ یا ریلی سے نقل و حرکت،کاروبار،تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات متاثر ہونے پر پابندی ہوگی
فائل فوٹو
پشاور: اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے حوالے سے سرکاری افسران اور وسائل کے استعمال پر پابندی سے متعلق ہدایات جاری کردی ہیں۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی افسر کو مارچ میں شرکت کے لیے کہا جائے تو فوری طور پر چیف سیکرٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو آگاہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کوئی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں معاونت یا سہولت فراہم نہیں کرے گا۔
ہدایات کے مطابق ایسے مارچ یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے اسلام آباد میں آزادانہ نقل و حرکت، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی اداروں یا طبی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑی، مشینری، آلات، عوامی فنڈز یا دیگر سرکاری وسائل بھی کسی مارچ یا ریلی کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے، جبکہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی رکاوٹ یا واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 091-9210068 بھی فراہم کردی گئی ہے۔