حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، ہارون اختر خان
شعبے میں ترقی کی راہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مراعات ملیں گی، برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، ہارون اختر خان
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت جلد ایک نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی جس میں آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے خصوصی مراعات شامل ہوں گی۔
لاہور میں 21ویں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے اور مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تین روزہ نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری ہے جس میں ملکی و غیر ملکی صنعت کار، کاروباری شخصیات اور مندوبین بھرپور انداز میں شریک ہیں۔
دستاویزات کے مطابق سمیڈا اور پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے اشتراک سے یہ نمائش منعقد کی جا رہی ہے جس میں سمیڈا بطور اسٹریٹجک پارٹنر شریک ہے۔ ہارون اختر خان نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ پاپام اور اس شعبے سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کرے تاکہ وہ نئی ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔
اس موقع پر سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو افسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹوموٹیو کا شعبہ ایس ایم ایز کی قیادت میں صنعتی ترقی کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سمیڈا پاپام کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ایم ایس ایم ایز کو جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری شراکت داری کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔
پی اے پی ایس 2026 کے کنوینر سلمان سلیم نے سمیڈا کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے میک ان پاکستان وژن کے تحت مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ 19 ستمبر کو ایک اہم سمپوزیم بھی منعقد ہوگا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔