“سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر دیا”

سفارتی دباؤ، برطانوی حکومت سے اپیل، جیل میں خراب حالات پر تشویش کا اظہار۔

September 19, 2026 · اہم خبریں
سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور عمران خان کی پرانی ملاقات کی فائل فوٹو।

سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور عمران خان کی پرانی ملاقات کی فائل فوٹو।

برطانیہ کے سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے اپنا سفارتی اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ اس معاملے پر مؤثر آواز اٹھائی جا سکے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل میں لکھے گئے اپنے کالم میں بورس جانسن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والے کرکٹ لیجنڈ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں انتہائی نامناسب اور سخت حالات میں رکھا جا رہا ہے، جہاں وہ ایک چھوٹے سے سیل میں طویل قیدِ تنہائی کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔

کالم کے متن کے مطابق عمران خان کو ان کے اہلخانہ، وکلا، کتابوں اور اخبارات تک محدود رسائی دی جا رہی ہے اور ان کے طبی علاج معالجے کے امور میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، انہوں نے ان رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جن کے مطابق قید کے دوران موصوف کی ایک آنکھ کی بینائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔