آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس فعال

اس ٹیکنالوجی سے تیز رفتار مواصلاتی سہولیات کے ساتھ مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

September 19, 2026 · قومی
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس فعال

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس فعال

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فائیو جی موبائل سروس کا آزمائشی آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی جانب سے دونوں علاقوں کے سات مختلف مقامات پر فائیو جی سروس فعال کی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے فائیو جی سروس کا افتتاح کیا، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہیڈکوارٹرز میں جدید ٹیکنالوجی کے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔

حکام کے مطابق فائیو جی سروس کے آزمائشی مرحلے کے دوران صارفین کے تجربے اور ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی سے تیز رفتار مواصلاتی سہولیات کے ساتھ مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے مطابق دسمبر 2026 تک مزید 20 مقامات پر فائیو جی سروس فعال کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے بعد دونوں علاقوں میں فائیو جی سائٹس کی مجموعی تعداد 27 ہو جائے گی۔

فائیو جی ٹیکنالوجی سے سیاحت، تعلیم، صحت، کاروبار اور عوامی خدمات کے شعبوں میں جدید سہولیات کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق آزمائشی مرحلے سے حاصل ہونے والے تجربات مستقبل میں فائیو جی سروس کے مزید پھیلاؤ میں معاون ثابت ہوں گے۔