منگنی کا کھانا 70 افراد کو اسپتال پہنچا گیا
20 افراد کو ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ 50 افراد تاحال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
منگنی کا کھانا 70 افراد کو اسپتال پہنچا گیا
خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں منگنی کی تقریب کے دوران کھانا کھانے کے بعد 70 افراد کی طبیعت خراب ہوگئی، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
واقعہ سواڑی بازار میں پیش آیا جہاں ایک شہری ولی اللہ کی بیٹی کی منگنی کی تقریب میں مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ چغرزئی پگڑیال سے آنے والے متعدد مہمان کھانا کھانے کے بعد اچانک بیمار پڑ گئے۔
متاثرہ افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرخ سیار کے مطابق 20 افراد کو ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ 50 افراد تاحال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی اسپتال پہنچے اور متاثرہ افراد کی عیادت کی۔ ضلعی انتظامیہ نے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ کھانے کے نمونے حاصل کرکے مزید کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔