پشاور میں نشہ آور گولیاں بنانے والے دو نیٹ ورک پکڑے گئے

دونوں مقامات پر قائم یونٹس غیر معیاری اور محدود پیمانے پر قائم کیے گئے تھے اور ان میں تیار ہونے والی غیر قانونی نشہ آور گولیاں صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔

September 19, 2026 · جرم وسزا
پشاور میں نشہ آور گولیاں بنانے والے دو نیٹ ورک پکڑے گئے

پشاور میں نشہ آور گولیاں بنانے والے دو نیٹ ورک پکڑے گئے

پشاور میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی غیر قانونی تیاری اور ترسیل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔ کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان اور تیار شدہ گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی حسن گڑھی کے علاقے میں ایک رہائشی مکان پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جہاں مبینہ طور پر نشہ آور گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران گولیاں بنانے والی مشینری، مختلف اقسام کے تقریباً 25 کلوگرام کیمیکل، 4 ہزار 500 تیار شدہ گولیاں اور مبینہ ترسیل میں استعمال ہونے والی تین گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔

ترجمان کے مطابق کارروائی میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں ایک فارماسسٹ بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد نے دوران تفتیش بتایا کہ مذکورہ جگہ سے ماہانہ تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔

اے این ایف کے مطابق دوسری کارروائی ناصر باغ روڈ کے علاقے ملاکنڈھیر میں کی گئی۔ پہلے گرفتار کیے گئے ایک ملزم کی نشاندہی پر ایک مکان میں قائم مبینہ غیر قانونی تیاری کے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ایک اور شخص کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کے مطابق دوسری کارروائی کے دوران تقریباً ساڑھے چار کلوگرام تیار شدہ اور تیاری کے مراحل میں موجود ایکسٹیسی گولیاں، خام مال اور گولیاں تیار کرنے والی مشین برآمد کی گئی۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں مقامات پر قائم یونٹس غیر معیاری اور محدود پیمانے پر قائم کیے گئے تھے اور ان میں تیار ہونے والی غیر قانونی نشہ آور گولیاں صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔

ترجمان کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے پھیلاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اے این ایف نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ منشیات کی تیاری یا ترسیل سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔