جھوٹا مقدمہ، جعلی سی سی ڈی انسپکٹر رشوت دیتے پکڑا گیا
رشوت کے لیے دی جانے والی 50 ہزار روپے کی رقم قبضے میں لے کر اسے مقدمے میں بطور ثبوت شامل کرلیا گیا ہے
جھوٹا مقدمہ، جعلی سی سی ڈی انسپکٹر رشوت دیتے پکڑا گیا
گوجرانوالہ میں پولیس نے سی سی ڈی کا جعلی انسپکٹر بن کر کارروائی کرنے اور مبینہ طور پر جھوٹا زیادتی کا مقدمہ درج کرانے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم میاں عامر نے سیالکوٹ میں پہلے سے درج زیادتی کے مقدمے کے جواب میں ایک جعلی مقدمہ درج کروانے کی کوشش کی۔ اس مقصد کے لیے ملزم نے خود کو سی سی ڈی کا انسپکٹر ظاہر کیا اور مقدمہ درج کرنے کے لیے متعلقہ محرر کو 50 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ پڑتال کے دوران ملزم کی جانب سے پیش کیے گئے دعووں کا کوئی قابلِ اعتبار ثبوت سامنے نہیں آسکا، جس کے بعد اس کی جعل سازی کا معاملہ بے نقاب ہوگیا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف جعلی پولیس افسر بننے، رشوت دینے اور جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی کوشش کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے جعلی انسپکٹر کے ساتھ مبینہ طور پر اس منصوبے میں شامل ایک لڑکے اور لڑکی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق رشوت کے لیے دی جانے والی 50 ہزار روپے کی رقم قبضے میں لے کر اسے مقدمے میں بطور ثبوت شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔