اسلامی جمعیت طالبات کا 58 واں یومِ تاسیس: ناظمہ اعلیٰ کا طالبات کے نام خصوصی پیغام
قوموں کی تعمیر ان کی نسلوں کی تربیت سے ہوتی ہے، طالبات اس تعمیر میں بنیادی کردار کی حامل ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور: ناظمہ اعلیٰ اسلامی جمعیت طالبات پاکستان نے اٹھانویں یوم تاسیس کے موقع پر طالبات کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلامی جمعیتِ طالبات پاکستان اپنے قیام کے اٹھانویں سال میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط اس جدوجہد کی یاددہانی ہے، جس کا مقصد پاکستان کی طالبات کو دین کی روشنی سے آراستہ کرنا، ان کی فکری و اخلاقی تربیت کرنا، باشعور بنانا اور انہیں معاشرے کی تعمیر و اصلاح کے لیے تیار کرنا ہے۔
ناظمہ اعلیٰ نے کہا کہ جمعیت کا اٹھاونواں یومِ تاسیس ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ اس نعمت پر شکر کا موقع بھی ہے اور اپنے مقصد و عزم کی تجدید کا بھی۔ ہم اس عزم کو تازہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی طالبات کو دین کا درست فہم، فکری پختگی اور کردار کی مضبوطی فراہم کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہمارا یقین ہے کہ قوموں کی تعمیر ان کی نسلوں کی تربیت سے ہوتی ہے، اور طالبات اس تعمیر میں بنیادی کردار کی حامل ہیں۔
ناظمہ اعلیٰ نے مزید کہا کہ آج جب معاشرہ فکری انتشار اور تہذیبی چیلنجز کا شکار ہے، جمعیت اپنی ذمہ داری کو پہلے سے زیادہ اہم سمجھتی ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کی مدد پر بھروسا کرتے ہوئے اس قافلے کو آگے بڑھانے اور پاکستان کی طالبات کو علم، اور دعوتِ دین کی اس جدوجہد میں شریک کرنے کا عزم کرتے ہیں۔