ایم ڈی کیٹ 2026 آج، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دیں گے
صوبے میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے زیر انتظام 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ 2026 آج، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دیں گے
کراچی: ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 آج منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار شرکت کریں گے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انتظام سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے زیر انتظام 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ سے 34 ہزار 235 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔ کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں دو امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریباً 6 ہزار جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4 ہزار 964 امیدوار امتحان دیں گے، یوں کراچی میں تقریباً 11 ہزار امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شریک ہوں گے۔
ایم ڈی کیٹ کا امتحان اتوار کو صبح 10 بجے شروع ہوگا، تاہم امیدواروں کو صبح ساڑھے 6 بجے تک امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امتحان کا دورانیہ 3 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔
امتحانی انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ ختم ہونے سے پہلے کسی امیدوار کو مرکز سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے تک اپنی نشست پر موجود رہنا ہوگا۔
امتحان کے اختتام پر سوالیہ پرچہ امیدوار اپنے ساتھ نہیں لے جاسکیں گے۔ مرکز سے روانگی سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا لازمی ہوگا، بصورت دیگر امیدوار کا نتیجہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
حکام نے امتحانی مراکز میں موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات لانے پر پابندی عائد کی ہے۔ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی اجازت نہیں ہوگی۔
پروفیسر آصف احمد شیخ نے کہا ہے کہ امتحانی پرچہ لیک ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور اس حوالے سے کیے گئے وعدے پر قائم ہیں۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق امتحانی مراکز پر امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کے لیے الگ انتظار گاہیں بھی قائم کی جائیں گی۔ امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔
ایم ڈی کیٹ 2026 میں ایک اہم تبدیلی کے تحت جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے۔ اس دستاویز کے بغیر بھی امیدوار امتحان میں شریک ہوسکیں گے، تاہم شناخت کی تصدیق کے لیے مطلوبہ اصل دستاویزات اور مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی۔
امتحانی حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے مرکز پہنچیں، ممنوعہ اشیا ساتھ نہ لائیں اور امتحان کے دوران تمام ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔