وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے گھر آمد، اہلخانہ سے تعزیت
شہید کے والد جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ کیپٹن حمزہ اکرم کی جرات اور جذبہ قوم کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے گھر آمد، اہلخانہ سے تعزیت
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والد اور بھائی سے ملاقات کرکے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی، جبکہ شہید کے والد کے حوصلے اور جذبے کو بھی سراہا۔
اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ ان کا بیٹا حمزہ پاکستان کے لیے قربان ہوا اور ان کا دوسرا بیٹا بھی ملک کی خدمت کے لیے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ نے اپنے خاندان کا سر فخر سے بلند کردیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید کے والد جیسے عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم کی جرات اور جذبہ قوم کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے ہنگو میں 7 خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہید کیپٹن حمزہ اور ان کے اہلخانہ کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم ہنگو میں خوارجی عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔