نیول چیف کا بحری یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ، مشق کا جائزہ
سی اسپارک 2026 مشق یکم ستمبر سے جاری ہے، جس میں پاک بحریہ کی مختلف نوعیت کی بحری کارروائیوں کی مشق کی جارہی ہے۔
نیول چیف کا بحری یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ، مشق کا جائزہ
راولپنڈی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سی اسپارک 2026 بحری مشق کا جائزہ لیا اور آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی اسپارک 2026 مشق یکم ستمبر سے جاری ہے، جس میں پاک بحریہ کی مختلف نوعیت کی بحری کارروائیوں کی مشق کی جارہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران امن کی صورتحال سے جنگی آپریشنز کی طرف تیزی سے منتقلی کی صلاحیت کو جانچا جارہا ہے، جبکہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کے مطابق جدید آپریشنل تصورات بھی مشق کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سی اسپارک 2026 میں انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی صلاحیتوں کو بھی آزمایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مشق کے دوران بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع استعمال کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سی اسپارک 2026 کا مقصد پاک بحریہ کی مختلف نوعیت کے بحری آپریشنز کے لیے مجموعی تیاری اور صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔
نیول چیف نے مشق میں شریک افسران اور اہلکاروں سے ملاقات بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے اہلکاروں کے عزم اور سمندری حدود کے دفاع کے لیے ان کی تیاری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔