جماعت اسلامی کا کراچی میں 35 روزہ دھرنا ختم، کارکنان اسلام آباد روانہ
دھرنا ختم ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔
جماعت اسلامی کا کراچی میں 35 روزہ دھرنا ختم، کارکنان اسلام آباد روانہ
کراچی: جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی میں 35 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا، جس کے بعد دھرنا گاہ سے اسٹیج، ساونڈ سسٹم، کرسیاں اور دیگر سامان ہٹا دیا گیا۔
گورنر ہاؤس کے اطراف احتجاج کے دوران لگائے گئے پیٹرولیم لیوی مخالف بینرز بھی اتار دیے گئے ہیں۔ دھرنا ختم ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایوان صدر روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھولنے کا عمل شروع کردیا گیا تھا
جماعت اسلامی کے مطابق کراچی دھرنے میں شریک کارکنان آج صبح 10 بجے سپر مارچ میں شرکت کے لیے ٹرین کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے اعلان کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کے لیے ٹرین مارچ 20 ستمبر کو شروع ہونا تھا۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی کے مطابق 35 روزہ دھرنے کے اختتام پر دھرنا گاہ کو مکمل طور پر صاف کرکے انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دھرنے کے دوران مقام پر کسی قسم کی توڑ پھوڑ یا املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا، جبکہ دھرنے کے لیے استعمال ہونے والی جگہ کو اسی حالت میں واپس کیا گیا جس حالت میں اسے استعمال کیا گیا تھا۔
جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کے مطابق دھرنا گاہ میں موجود تمام اشیاء اپنی جگہ موجود ہیں اور احتجاج کے اختتام پر جگہ کو مکمل طور پر صاف ستھرا کردیا گیا۔
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف اپنے احتجاج کے اگلے مرحلے کے طور پر کراچی سے اسلام آباد تک سپر لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے ٹرین مارچ کا آغاز کراچی کینٹ اسٹیشن سے کیا گیا۔