ہمارا گھر محاصرے میں ہے،علیمہ خان کے بیٹے کا ٹویٹ

گلی کے دونوں سروں کو بند کر دیا گیا ہے، ہمارا پورا خاندان عملاً گھر میں نظر بند ہو گیا ہے ، شیر شاہ خان

September 21, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر کے اطراف سکیورٹی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، جس کے باعث خاندان کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیر شاہ خان نے کہا کہ ہمارا گھر محاصرے میں ہے۔ ہماری گلی کے دونوں سروں کو بند کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ہمارا پورا خاندان عملاً گھر میں نظر بند ہو گیا ہے۔

انھوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے ماموں یعنی سابق وزیراعظم عمران خان اور قاسم خان کو بھی ٹیگ کیا۔ شیر شاہ خان کے اس دعوے پر حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اس سے قبل پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ تین (تھری ایم پی او) کے تحت گرفتار کر کے 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ گرفتاری کی تاریخ سے لے کر 30 روز کے لیے علیمہ خان کو کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ کی تحویل میں رکھا جائے گا۔