ایبٹ آباد بورڈ نے انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کردیا،پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام
سالانہ امتحانات میں 35 ہزار 818 امیدوار کامیاب،مجموعی کامیابی کا تناسب 79 فیصد رہا
فائل فوٹو
ایبٹ آباد: ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ (انٹر) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جن میں طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
نتائج کے مطابق نجی اسکول کی طالبہ زونیش مغل نے مجموعی طور پر 1152 نمبر حاصل کر کے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ نجی اسکول ہی کی طالبہ ثناء ویش رحمان 1151 نمبرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ اسی طرح نجی اسکول کی طالبہ ہورورا طارق نے 1150 نمبر لے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 35 ہزار 818 امیدوار کامیاب قرار پائے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فیصد رہا۔
کامیاب طالبات اور ان کے والدین نے اس شاندار کامیابی پر خدائے بزرگ و برتر کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے اساتذہ اور والدین کی محنت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔