ہمیں پُرامن رہنے کی سزا دی جارہی ہے،5 ایم این ایز اور وزیر گرفتار ہیں،بیرسٹر گوہر

لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے علاج، کیسز کی سماعت اور ملاقات کا مطالبہ برقرار

September 21, 2026 · قومی

بیرسٹر گوہر کا پُرامن احتجاج، گرفتار ارکان اور عمران خان سے متعلق مطالبات پر مؤقف

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ احتجاج اور مارچ ہمارا آئینی حق ہے، پی ٹی آئی کے 5 اراکین قومی اسمبلی جبکہ ایک صوبائی وزیر گرفتار ہیں۔

پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے، ہم پُرامن ہیں، پُرامن رہیں گے اور اسی کی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو اپنا طرز عمل بدلنا ہوگا اور ملک کے لیے سوچنا ہوگا۔ تحریک انصاف کے دور میں 12 لانگ مارچ ہوئے، کسی کا راستہ نہیں روکا گیا، جبکہ دو سال سے ہمیں لانگ مارچ کرنے نہیں دیا جارہا۔ کیا احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق نہیں ہے؟

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پانچ ایم این اے اور خیبرپختونخوا میں ایک وزیر گرفتار ہے۔ خیبرپختونخوا میں حکومت تحریک انصاف کی ہے لیکن سکہ کسی اور کا چلتا ہے۔ ہم اسلام آباد کو سومنات بنانے یا فتح کرنے نہیں جارہے بلکہ پُرامن رہیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد جائیں گے تو آئین و قانون کی بالادستی ہوگی۔ کیا ہم دہشت گرد ہیں؟ ہمیں کہا جارہا ہے کہ دہشت گردوں کی طرح نمٹا جائے گا، ہم سیاسی لوگ ہیں اور دہشت گردوں کی طرح نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلقات ختم نہیں کیے، رابطے اب بھی ہیں اور ہمارا مطالبہ عمران خان کا علاج، کیسوں کی سماعت اور ملاقات کی اجازت ہے۔