آئی ایم ایف شرائط، اضافی بجٹ گرانٹ پر پابندی کا فیصلہ

نئے طریقہ کار کے تحت پہلے یہ دیکھا جائے گا کہ کسی ادارے کی اضافی مالی ضرورت موجودہ فنڈز کی دوبارہ تخصیص یا تکنیکی اضافی گرانٹ کے ذریعے پوری کی جاسکتی ہے یا نہیں۔

September 22, 2026 · قومی
آئی ایم ایف شرائط، اضافی بجٹ گرانٹ پر پابندی کا فیصلہ

آئی ایم ایف شرائط، اضافی بجٹ گرانٹ پر پابندی کا فیصلہ

آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ نے اضافی بجٹ اخراجات سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا ہے

وزارت کے مطابق شدید قدرتی آفات کے علاوہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ سے تجاوز کرنے والے غیر بجٹ شدہ اخراجات کے لیے اضافی گرانٹ دینے پر غور نہیں کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ نے رواں مالی سال کے دوران سرکاری اداروں کو درکار اضافی فنڈز کی فراہمی اور موجودہ بجٹ میں رقوم کی دوبارہ تقسیم کے لیے طریقہ کار بھی طے کرلیا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت پہلے یہ دیکھا جائے گا کہ کسی ادارے کی اضافی مالی ضرورت موجودہ فنڈز کی دوبارہ تخصیص یا تکنیکی اضافی گرانٹ کے ذریعے پوری کی جاسکتی ہے یا نہیں۔

اگر کسی معاملے میں ان دونوں ذرائع سے مطلوبہ رقم فراہم کرنا ممکن نہ ہو تو متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کو اضافی گرانٹ کے حصول کے لیے واضح جواز اور قابل قبول وجوہات پیش کرنا ہوں گی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ یہ ہدایات رواں مالی سال کے علاوہ آئندہ مالی سالوں میں بھی نافذ رہیں گی۔ ان کا اطلاق تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران، سرکاری محکموں، اداروں، ماتحت دفاتر اور متعلقہ اکاؤنٹنگ تنظیموں و دفاتر پر ہوگا۔

یہ اقدام آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت مالی نظم و ضبط سے متعلق شرائط پر عمل درآمد کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔