مسئلہ فلسطین مسلم امہ کے اجتماعی شعور کا مرکز ہے:اسحاق ڈار
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں
مسئلہ فلسطین مسلم امہ کے اجتماعی شعور کا مرکز ہے:اسحاق ڈار (فائل فوٹو)
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ اسلامی تعاون تنظیم اور مسلم امہ کے اجتماعی شعور میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔
او آئی سی کی فلسطین سے متعلق کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیٹی کے پانچ ارکان کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی عوام کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت کو مزید متحرک کیا جائے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خصوصاً غزہ اور مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال فوری اور سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے غزہ میں تنازع کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے اور مسئلے کے پائیدار حل کے لیے عالمی سطح پر کوششیں مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔