وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا دارالعلوم حقانیہ کا دورہ
قومی پیغام امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا دارالعلوم حقانیہ کا دورہ
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان بھی موجود تھے۔ دارالعلوم حقانیہ پہنچنے پر قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان، دارالعلوم کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علمائے اسلام س کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر مذہبی شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران ملک میں امن کے قیام، مذہبی ہم آہنگی اور مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتحاد سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ملک میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن، برداشت اور قومی اتحاد کے پیغام کو عام کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مؤثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات بھی قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم کے ذریعے ملک میں امن، استحکام اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔