نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ،2 اہلکار شہید
شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت محمد یاسر اور عبدالروف کے نام سے ہوئی ہے۔
نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر فائرنگ،2 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو مہم کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے والے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پیش آیا، جہاں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کردی گئیں۔
شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت محمد یاسر اور عبدالروف کے نام سے ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابل معافی عمل ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت انجام کا سامنا کرنا چاہیے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی واقعے کی مذمت کی۔ ان کے مطابق انسداد پولیو ٹیم پر حملہ صوبے کے بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے خلاف کارروائی ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں انسداد پولیو مہم اور عوام کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔