جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنید اکبر کے بیان میں لوگوں کو اسلام آباد آنے پر آمادہ اور مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔

September 22, 2026 · قومی
جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ( فائل فوٹو)

جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر ( فائل فوٹو)

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کے مبینہ متنازع بیان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے تاجر وقاص احمد نے وکیل اختر چھینہ کے ذریعے جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جنید اکبر کے بیان میں لوگوں کو اسلام آباد آنے پر آمادہ اور مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بیان اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر کے فیصلے کی مبینہ خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق بیان عدالتی حکم کی صریح خلاف ورزی ہے، اس لیے عدالت جنید اکبر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرے۔

درخواست گزار نے اپنے مؤقف کے حق میں سپریم کورٹ کے ایک سابقہ فیصلے کا حوالہ بھی دیا ہے، جس میں نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے مقدمے میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جنید اکبر کے مبینہ بیان کا جائزہ لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔