ریلوے میں کفایت شعاری کے لیے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس اور بیرونِ ملک دوروں پر پابندی
وزیر ریلوے نے سرکاری اخراجات محدود کرنے کے لیے فیول میں 50 فیصد کمی کردی
پاکستان ریلوے کی عمارت، جہاں کفایت شعاری اقدامات کے تحت نئے فیصلے کیے گئے۔ فائل فوٹو
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے تحت پاکستان ریلوے میں اہم فیصلے کرتے ہوئے 31 دسمبر 2026 تک ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس (ایچ بی اے) قرضوں کا اجرا معطل کردیا، جبکہ افسران اور ملازمین کے بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر پابندی عائد کردی۔
وزیر ریلوے نے اپنے سمیت پاکستان ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کے بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام افسران کے سرکاری فیول میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جس میں وزیر ریلوے کا فیول بھی شامل ہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک کسی افسر یا ملازم کو ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا، جبکہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور غیر ضروری اخراجات کی روک تھام کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے حالیہ کفایت شعاری اقدامات میں سرکاری اخراجات اور غیر ضروری بیرونِ ملک سفر کو محدود کرنے کی ہدایات شامل ہیں، جن پر پاکستان ریلوے میں عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔