وزیراعظم شہباز شریف کی گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات

پاکستان میں پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹل شعبے، مالیاتی شمولیت اور زراعت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

September 23, 2026 · قومی
وزیراعظم شہباز شریف کی گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹل شعبے، مالیاتی شمولیت اور زراعت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول میں گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت قابلِ قدر ہے۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے اپنی ذاتی توجہ اور عزم کا بھی اظہار کیا۔

بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان میں زرعی شعبے میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت زرعی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، حیاتیاتی تحقیق، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے بہتر اور معیاری بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو ان کے سابقہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔