وزیر خزانہ کی بوئنگ گلوبل صدر سے اہم ملاقات

فریقین نے طیاروں کی جلد دستیابی اور عبوری ضرورت پوری کرنے کے لیے طیارے لیز پر لینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا

September 23, 2026 · قومی
وزیر خزانہ کی بوئنگ گلوبل صدر سے اہم ملاقات

وزیر خزانہ کی بوئنگ گلوبل صدر سے اہم ملاقات

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے نیویارک میں بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے فضائی بیڑے کو جدید بنانے اور ملکی ہوابازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خزانہ نے پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری سے متعلق بوئنگ کی نظرثانی شدہ تجویز کا خیرمقدم کیا۔ فریقین نے طیاروں کی جلد دستیابی اور عبوری ضرورت پوری کرنے کے لیے طیارے لیز پر لینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

مذاکرات میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے ممکنہ مالی معاونت، طیاروں کے انجن اور اسپیئر پارٹس کی فراہمی، دیکھ بھال اور گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کو دوبارہ آپریشنل کرنے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

محمد اورنگزیب نے بوئنگ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری اور ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کے انتظام کو نجی شعبے کے سپرد کرنے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں ہوابازی کے حفاظتی نظام کی استعداد بڑھانے، ضابطہ جاتی معاملات میں تعاون اور پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے ہوابازی کے شعبے میں طویل مدتی ترقی کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔