ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت، ’’یہ تو اپیل زندہ ہوگئی‘‘
جسٹس اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی درخواستوں پر سماعت، ’’یہ تو اپیل زندہ ہوگئی‘‘
اسلام آباد ہائیکورٹ میں متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزاؤں کی معطلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جسٹس اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل فیصل صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے عدالت نے دریافت کیا کہ اب تو انہیں ریلیف مل گیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے حکم سے متعلق بھی استفسار کیا گیا کہ اس میں کیا لکھا گیا ہے اور کیا اپیلیں سن لی گئی ہیں۔
فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے حکم میں ایسا کچھ نہیں لکھا گیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر بھی گفتگو میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر فیصل صدیقی نے پراسیکیوٹر سے غیر رسمی انداز میں مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھٹی پر تھے اور امید ہے کہ انہوں نے چھٹیاں اچھی طرح گزاری ہوں گی۔
بعد ازاں فیصل صدیقی نے سپریم کورٹ کا حکم عدالت میں پڑھ کر سنایا۔ اس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس سے تو اپیل دوبارہ زندہ ہوگئی ہے۔
فیصل صدیقی نے جواب دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا اس سے پہلے اپیل ختم ہوگئی تھی؟
سماعت کے اختتام پر عدالت نے کہا کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر حکم جاری کیا جائے گا۔