پی ٹی آئی لانگ مارچ:فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے پنجاب حکومت وفاق کو خط
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے، جبکہ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کے لیے بھی وفاق سے رجوع کیا گیا ہے
پی ٹی آئی لانگ مارچ:فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے پنجاب حکومت وفاق کو خط
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب اعلان کردہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور فوج و رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو خط ارسال کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے، جبکہ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کے لیے بھی وفاق سے رجوع کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی مسائل سے نمٹنے کے لیے اضافی فورس طلب کی ہے۔ خط میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی اور اٹک سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات پہلے ہی تیز کیے جاچکے ہیں۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق اٹک میں اضافی پولیس نفری تعینات کی جارہی ہے جبکہ اہم داخلی و خارجی راستوں پر بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں۔