کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ، کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل معطل

جب تک کنٹینرز کے معاملے پر صورتحال واضح نہیں ہوتی، کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل بحال کرنا مشکل ہوگا۔ٹرانسپورٹرز

September 23, 2026 · قومی
کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ، کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل معطل

کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ، کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل معطل

اسلام آباد اور پنجاب میں کنٹینرز کی مبینہ پکڑ دھکڑ کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹرز نے کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل روک دی۔

گڈز ٹرانسپورٹ سپریم کونسل کے مطابق کنٹینرز کی گرفتاری اور انہیں مختلف مقامات پر روکے جانے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے، جس کے بعد کراچی سے سامان کی لوڈنگ کا عمل بھی معطل کردیا گیا ہے۔

چیئرمین گڈز ٹرانسپورٹ سپریم کونسل کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی اشیائے خورونوش سمیت دیگر سامان کی سپلائی فی الحال روک دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنٹینرز کے معاملے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کا کاروباری نظام شدید متاثر ہورہا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً لوڈنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب اسلام آباد اور پنجاب میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے باعث شپنگ کمپنیوں نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کو مزید کنٹینرز فراہم کرنا روک دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد کنٹینرز کو مختلف مقامات پر کھڑا کردیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ جب تک کنٹینرز کے معاملے پر صورتحال واضح نہیں ہوتی، کراچی سے اسلام آباد سامان کی ترسیل بحال کرنا مشکل ہوگا۔