عالمی بحری دن؛پاک بحریہ کے سربراہ کا محفوظ بحری مستقبل کیلئے عزم کا اعادہ
ایڈمرل نوید اشرف نے سمندری وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال اور پائیدار ترقی پر زور دیا
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا عالمی بحری دن 2026 پر پیغام۔
عالمی بحری دن (ورلڈ میری ٹائم ڈے) 2026 کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت نے پاکستان اور عالمی بحری برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ نے بالخصوص بحری ملاحوں، ماہی گیروں اور ساحلی مکینوں کے جذبے اور لگن کو سراہا، جن کی خدمات بحری رابطہ کاری، خوشحالی اور پاکستان کی معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر پاکستان کے لیے معاشی اور ترقیاتی لحاظ سے بے پناہ افادیت کا حامل ہے۔ پاکستان کی ساحلی پٹی اور خصوصی اقتصادی حدود جہاز رانی، جہاز سازی، جہازوں کی ری سائیکلنگ، ماہی گیری، ساحلی وسائل، توانائی، سیاحت اور بحری اقتصادیات سے جڑی دیگر سرگرمیوں کے ذریعے ترقی کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف کے مطابق ان صلاحیتوں کا ادراک محفوظ، بے خطر اور پائیدار بحری ماحول کا متقاضی ہے، جبکہ سمندری استعداد کی ترقی کے لیے مؤثر ادارہ جاتی نگرانی، ذمہ دارانہ رویوں اور مسلسل سرمایہ کاری بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی بحری دن کا موضوع ’’پالیسی سے عملی اقدامات تک: بحری شعبے میں اعلیٰ معیار کو فروغ دینا‘‘ (From Policy to Practice: Powering Maritime Excellence) ہے، جو حکمت عملی، قوانین اور عالمی ذمہ داریوں کو بامقصد عملی اقدامات میں منتقل کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ عالمی بحری دن سمندری ماحول کو محفوظ بنانے، بحری ماحول کی حفاظت، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور سمندری شعبے کی سرگرمیوں کو عالمی معیارات کے مطابق بنانے کے لیے مسلسل کاوشوں کا تقاضا کرتا ہے۔ یہ دن سمندری شراکت داروں کے درمیان علم کے تبادلے اور استعداد بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ پاکستان کے سمندری مفادات کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور محفوظ و مستحکم سمندری ماحول یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ سمندری علاقوں کی مسلسل نگرانی، بحری تجارتی راہداریوں کی حفاظت اور علاقائی سمندری تحفظ کے قیام میں اہم کردار کے ساتھ پاک بحریہ بحری تجارت اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
ان کے مطابق سمندری شراکت داروں اور متعلقہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ گہرا اور قریبی تعاون ان کاوشوں کو مزید تقویت بخشتا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان کے سمندری شعبے کی پائیدار اور مستحکم ترقی کے لیے پوری قوم کی مشترکہ سوچ ازحد ضروری ہے۔ سمندری استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لیے سمندری شعور و آگہی، بحری ماحول کا تحفظ، بحری وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال اور حکومتی اداروں، صنعت، تعلیمی و تحقیقی اداروں اور ساحلی آبادیوں کے درمیان مضبوط تعلق و رابطہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے پاک بحریہ سمندری شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے کی جانے والی قومی کاوشوں میں تعاون جاری رکھے گی اور متعلقہ قومی و عالمی ذمہ داریوں کو نبھانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے عالمی بحری دن کے موقع پر بین الاقوامی بحری تنظیم (International Maritime Organization) کے محفوظ اور بے خطر سمندر اور اس کے ماحولیاتی بقاء کے خواب کی تکمیل کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔ قومی بحری مقاصد سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان کے بحری مفادات کی حفاظت کی ذمہ داریاں نبھائی جائیں گی اور محفوظ، خوشحال اور دیرپا سمندری مستقبل کے لیے کردار ادا کیا جائے گا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امید ظاہر کی کہ عالمی بحری دن 2026 بحری امنگوں کو عملی اقدامات میں ڈھالنے اور بحری شعبے میں موجود مواقع کو پاکستان اور اس کی عوام کی ترقی کے لیے استعمال کرنے کا احساس دلائے گا۔