اسلام آباد سومنات نہیں،سوچ سمجھ کر آنا،کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے:خواجہ آصف

وزیر دفاع نے پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کے13 سالہ دور کا حساب یاد دلا دیا

September 23, 2026 · قومی

خواجہ آصف کی پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور سومنات کے بیان پر سخت تنقید

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سال سے ایک صوبے کو لوٹا جارہا ہے لیکن پھر بھی تسلی نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہر دوسرے دن وفاق پر حملے کی تیاری شروع کردی جاتی ہے، پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کا بھی 13 سال کا حساب دینا ہوگا۔

وزیر دفاع نے سومنات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سومنات پر 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کرلیں کتنے ہوگئے اور کتنے باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ بتاتی ہے سومنات پر بار بار حملے کیوں ہوتے تھے، لیکن اسلام آباد سومنات نہیں، سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے۔

واضح رہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف جنید اکبر نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی دی تھی۔