پی ٹی آئی رہنما مبشر اعوان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن واپس
لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے غیر مشروط معافی مانگ لی
پی ٹی آئی رہنما مبشر اعوان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن واپس
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مبشر اعوان کی نظربندی کے خلاف درخواست نمٹا دی۔
جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے مبشر اعوان کی والدہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس اکبر ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے استفسار کیا کہ نظربندی کا غیر قانونی نوٹیفکیشن کیسے جاری کیا گیا اور نوٹیفکیشن سے پہلے قانونی طریقہ کار کیوں اختیار نہیں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ مبشر اعوان کی نظربندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
جسٹس اکبر ڈوگر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا پولیس کی بات ایسے ہی مان لی گئی اور اپنا دماغ کیوں استعمال نہیں کیا گیا۔
عدالت کی برہمی پر ڈپٹی کمشنر نے غیر مشروط معافی مانگی اور بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو مبشر اعوان کو رہا کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔