ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد کشمیر کے 23ویں صدر منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

حلف برداری میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، طارق فضل چوہدری، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر شخصیات کی شرکت

September 24, 2026 · قومی
ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد کشمیر کے 23ویں صدر منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد کشمیر کے 23ویں صدر منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

مظفرآباد: ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ وہ 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد کشمیر کے 23ویں صدر منتخب ہوئے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔

صدارتی انتخاب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوا، جہاں ووٹنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر ڈاکٹر محمد نجیب نقی کی کامیابی کا اعلان کیا گیا۔ 46 رکنی ایوان میں اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی چوہدری قاسم مجید کی عدم موجودگی کے باعث ان کا ووٹ شمار نہیں کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی، طارق فضل چوہدری، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

بعد ازاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسمبلی کو مضبوط بنانے اور ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرے گی جبکہ اپوزیشن کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پونچھ کے سات حلقوں میں انتخابات نہ ہونے پر افسوس ہے اور ان حلقوں میں جلد انتخابی عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نجیب نقی کے خاندان کی پونچھ اور آزاد کشمیر کے لیے خدمات کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے علاقے سدھنوتی سے ہے۔ ان کا سیاسی سفر تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ وہ پہلی مرتبہ 1991 میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف ادوار میں پارلیمانی سیکرٹری اور وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

وہ صحت، بہبود آبادی، کالجز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی سمیت مختلف محکموں کے امور دیکھ چکے ہیں۔ 2011 اور 2016 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی انہوں نے اہم حکومتی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

حالیہ سیاسی پیش رفت کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو آزاد کشمیر کی صدارت کے لیے پارٹی امیدوار نامزد کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔