بٹگرام میں طوفانی بارش اور فلیش فلڈ، 2 بچے جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے بھاری مشینری اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کردی ہیں۔

September 24, 2026 · قومی
بٹگرام میں طوفانی بارش اور فلیش فلڈ، 2 بچے جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

بٹگرام میں طوفانی بارش اور فلیش فلڈ، 2 بچے جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

بٹگرام: ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی کے علاقے کنڈ میں طوفانی بارش کے بعد اچانک آنے والے فلیش فلڈ سے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید بارش اور مقامی پہاڑی نالے میں طغیانی کے باعث 2 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک واقعے میں 5 سالہ بچہ سیلابی ریلے کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک الگ حادثے میں 7 سالہ بچی برساتی نالے میں بہہ گئی۔

اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے نالے کے قریب واقع املاک کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ تقریباً 15 مکانات تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ متعدد دکانیں بھی سیلابی پانی کی زد میں آئیں۔

سیلابی ریلے کے باعث کئی مویشی بھی بہہ گئے، جس سے علاقے میں بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے بھاری مشینری اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کردی ہیں۔

حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات امدادی کارروائیوں کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔