گلشن اقبال 13 ڈی میں 3 گھنٹے سے بجلی بند، شہری گرمی سے بلبلا اٹھے

بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور علاقے کے دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔علاقہ مکین

September 25, 2026 · قومی
گلشن اقبال 13 ڈی میں 3 گھنٹے سے بجلی بند، شہری گرمی سے بلبلا اٹھے

گلشن اقبال 13 ڈی میں 3 گھنٹے سے بجلی بند، شہری گرمی سے بلبلا اٹھے

کراچی: گلشن اقبال 13 ڈی میں گزشتہ تین گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہری شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش نے معمولات زندگی متاثر کردیئے ہیں، جبکہ شدید گرمی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے حوالے سے متعلقہ دفتر سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم شکایات کے اندراج میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ تین روز تک علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی بھی متاثر رہی، جس کے بعد بجلی کی بندش نے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پانی کی فراہمی بھی باقاعدگی سے نہیں ہوتی، جبکہ ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور گندے پانی سے بھرے نالوں کے باعث پہلے ہی مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور علاقے کے دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔