لاہور چڑیا گھر کا فش ایکویریم نایاب اور رنگ برنگی مچھلیوں سے سج گیا

مختلف رنگوں اور منفرد شکلوں والی مچھلیاں شیشے کے ایکویریم میں تیرتی نظر آتی ہیں، جبکہ بعض اقسام کو مرجانی چٹانوں اور کورلز کے درمیان رکھا گیا ہے۔

September 25, 2026 · قومی
لاہور چڑیا گھر کا فش ایکویریم نایاب اور رنگ برنگی مچھلیوں سے سج گیا

لاہور چڑیا گھر کا فش ایکویریم نایاب اور رنگ برنگی مچھلیوں سے سج گیا

لاہور: لاہور چڑیا گھر کے فش ایکویریم میں پہلی مرتبہ مختلف اقسام کی نایاب اور رنگ برنگی آبی حیات شامل کی گئی ہیں، جس کے بعد شہریوں بالخصوص بچوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ایکویریم میں سمندری اور میٹھے پانی کی 15 اقسام کی تقریباً 100 مچھلیاں رکھی گئی ہیں۔ مختلف رنگوں اور منفرد شکلوں والی مچھلیاں شیشے کے ایکویریم میں تیرتی نظر آتی ہیں، جبکہ بعض اقسام کو مرجانی چٹانوں اور کورلز کے درمیان رکھا گیا ہے۔

نئی آبی حیات میں گرین برڈ وراس، مونو اینجل فش، مختلف اقسام کی ڈیمسل فش، اسکوائرل فش، ریڈ ٹوتھ ٹرگر فش اور لائر ٹیل وراس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹار فش، سینڈ شفٹنگ اسٹار فش اور مختلف اقسام کے کورلز بھی ایکویریم کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

چڑیا گھر آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایکویریم میں موجود رنگ برنگی مچھلیاں بچوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن رہی ہیں۔ بعض وزیٹرز نے بتایا کہ ایسی کئی اقسام انہوں نے پہلے صرف دستاویزی پروگراموں میں دیکھی تھیں۔

لاہور چڑیا گھر کے ویٹرنری افسر ڈاکٹر محمد اظہر کے مطابق چڑیا گھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے ساتھ آبی حیات کی تعداد اور اقسام میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ فش ایکویریم میں میرین فش کے ساتھ فریش واٹر فش بھی رکھی گئی ہیں جبکہ مستقبل میں مزید اقسام شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکویریم میں موجود مچھلیوں کی صحت اور پانی کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ آبی حیات کو ان کی ضرورت کے مطابق ماحول فراہم کیا جاسکے۔

فش ایکویریم کے کیئر ٹیکر عدنان شاہ کے مطابق سمندری اور میٹھے پانی کی مچھلیوں کی نگہداشت کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں۔ سمندری مچھلیوں کے لیے پانی میں نمکیات، صفائی اور معیار برقرار رکھنا ضروری ہے، جبکہ میٹھے پانی کی مچھلیوں کے لیے درجہ حرارت اور پانی کا معیار اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گھروں میں مچھلیاں پالنے والے افراد بعض اوقات ضرورت سے زیادہ خوراک دے دیتے ہیں، جس سے پانی میں نامیاتی فضلہ اور امونیا کی مقدار بڑھ سکتی ہے اور مچھلیوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ چڑیا گھر میں مچھلیوں کی خوراک، پانی کے معیار اور آکسیجن کی فراہمی پر باقاعدگی سے توجہ دی جاتی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ایکویریم میں موجود زیادہ تر سمندری مچھلیاں بیرون ملک سے درآمد کی گئی ہیں، جبکہ کچھ مقامی میٹھے پانی کی اقسام بھی شامل ہیں۔ مزید دلچسپ اقسام، جن میں پفرفش بھی شامل ہے، کو آئندہ مرحلے میں نمائش کا حصہ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔

فش ایکویریم میں آبی حیات کا یہ اضافہ شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو سمندری اور میٹھے پانی کی مخلوقات کے بارے میں عملی طور پر جاننے کا موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔