جوڈیشل کمیشن میں میر رضا کیس کی تحقیقات پر اہم پیش رفت

جسٹس عمر سیال نے شہریار میمن سے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں مبینہ طور پر غیر قانونی تبدیلی کی گئی، یہ معاملہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں ان کا پیچھا کرے گا۔

September 25, 2026 · قومی
جوڈیشل کمیشن میں میر رضا کیس کی تحقیقات پر اہم پیش رفت

جوڈیشل کمیشن میں میر رضا کیس کی تحقیقات پر اہم پیش رفت

کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کے دوران تفتیشی ٹیم نے سپر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دینے کی تصدیق کردی۔

کارروائی کے دوران کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے سندھ حکومت کی جانب سے 6 اگست کو کیس میں دکھائی جانے والی سرگرمی پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایسی تیزی سڑکوں کی مرمت اور گٹروں کے معاملات میں بھی دکھائی جائے تو بہتر ہوگا۔

جسٹس عمر سیال نے شہریار میمن سے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں مبینہ طور پر غیر قانونی تبدیلی کی گئی، یہ معاملہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں ان کا پیچھا کرے گا۔

کمیشن نے ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو سے موبائل فون سے متعلق بھی سوالات کیے۔ کمیشن نے پوچھا کہ اگر موبائل فون نالے سے برآمد ہوا تھا تو شادی ہال کے قریب سے ملنے کا مؤقف کیوں سامنے آیا؟ کمیشن نے یہ بھی سوال کیا کہ جب خودکشی کا بیانیہ زیر گردش تھا تو پولیس نے اس کی بروقت وضاحت کیوں نہیں کی۔

جسٹس عمر سیال نے پولیس کی جانب سے اہم شواہد سے متعلق تحقیقات پر بھی سوالات اٹھائے اور پوچھا کہ کیا فون کو کھولنے کی کوشش کے دوران اسے بلاک کیا گیا تھا؟

ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو نے جواب دیا کہ ان کی ٹیم نے فون کھولنے کی کوشش نہیں کی، تاہم ممکن ہے کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ایسا کیا گیا ہو۔ انہوں نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات 6 روز تک سی ٹی ڈی کے پاس بھی رہی تھیں۔

اس پر جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیے کہ یہی وہ 6 روز ہیں جن کے دوران کیس خراب ہوا، جبکہ تمام ذمہ داری ماتحت افسران پر ڈالنے کے بجائے ایس ایس پی کو بھی اپنی ذمہ داری کا خیال رکھنا چاہیے۔

بعد ازاں جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کیس کی کارروائی پیر تک ملتوی کردی۔