عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی اڈیالہ جیل کے قریب احتجاج نہ کرنے کی اپیل
اطلاعات ملی ہیں اڈیالہ جیل کے قریب کسی اجتماع کو ممکنہ جوابی کارروائی کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔قاسم خان
عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی اڈیالہ جیل کے قریب احتجاج نہ کرنے کی اپیل
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل کے قریب مارچ یا احتجاج کرنے سے گریز کریں۔
قاسم خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں اپنے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ اڈیالہ جیل کے قریب کسی اجتماع کو ممکنہ جوابی کارروائی کے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں ان کے والد عمران خان کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ قاسم خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسا کوئی موقع فراہم نہ کریں جس سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مارچ کے پیش نظر پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں سکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کیے جانے کے ساتھ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
قاسم خان اس سے قبل بھی مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں کو دیے گئے انٹرویوز میں اپنے والد عمران خان کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں۔
دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو جیل میں علاج معالجے کی مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔