راشد محمود کی بیماری اور بے روزگاری کی ویڈیو وائرل،عظمیٰ بخاری نے بلا لیا
گزشتہ پانچ ماہ سے مہروں کی تکلیف میں مبتلا ہیں جبکہ وہ پہلے سے دل کے عارضے کا بھی سامنا کر رہے ہیں
راشد محمود کی بیماری اور بے روزگاری کی ویڈیو وائرل،عظمیٰ بخاری نے بلا لیا
لاہور: سینئر اداکار راشد محمود کی بیماری اور بے روزگاری سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے انہیں ملاقات کے لیے بلا لیا۔
راشد محمود نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی صحت، کام نہ ملنے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے بات کی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں سینئر اداکار نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے مہروں کی تکلیف میں مبتلا ہیں جبکہ وہ پہلے سے دل کے عارضے کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ سے انہیں کوئی کام نہیں ملا۔
راشد محمود نے اپنے فنی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے ساتھ وابستہ رہ کر گزاری ہے اور برصغیر میں ڈرامے کے فروغ میں ان کے ساتھی فنکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ عام شہریوں کے لیے حالات مشکل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔
سینئر اداکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے انہیں ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ ملاقات کی دعوت سے متعلق ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔