وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری کونسلز کے وفود کی ملاقات
پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کاروباری کونسلز کے وفود کی ملاقات
نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا میں قائم بزنس کونسل فار انٹرنیشنل انڈر اسٹینڈنگ اور امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فنانس، مشروبات، مینوفیکچرنگ، ادویات اور آرگینک مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کاروباری کونسلز پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، جبکہ حکومت معاشی استحکام اور ترقی کے لیے اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن کو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیا۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان میں ساختی اور پالیسی سطح پر اصلاحات کا عمل جاری ہے اور معیشت کو ڈیجیٹل بنانے، ٹیکنالوجی کے استعمال اور ای گورننس کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے زرعی شعبے کو بھی سرمایہ کاری کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مشینری اور جدید زرعی آلات کے استعمال سے پیداوار میں اضافہ اور اخراجات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔
وزیراعظم نے کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، بندرگاہوں اور شپنگ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ ملک کی نوجوان آبادی ایک اہم سرمایہ ہے، جسے جدید مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد نجی شعبے کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کرنا اور سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے نجکاری کے عمل کو بھی سرمایہ کاری کے مواقع میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری مکمل ہوچکی ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان احمد شیخ بھی موجود تھے۔