چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

متاثرہ شہری محمد رشید نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ سول جج نصیر الدین نے ڈگری پر عملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

September 25, 2026 · قومی
چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آبا د،سول کورٹ کے سال 2000 کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے میں عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

متاثرہ شہری محمد رشید نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ سول جج نصیر الدین نے ڈگری پر عملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کے حق میں سول کورٹ نے سال 2000 میں ڈگری جاری کی تھی، جس کے خلاف معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا، تاہم درخواست گزار کے حق میں فیصلہ برقرار رہا۔

درخواست گزار کے مطابق اس کی زمین ایکوائر کیے جانے کے باوجود بحالی اور ری ہیبیلیٹیشن پالیسی کے تحت تاحال واجب الادا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ اسی معاملے پر ڈگری پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا۔

درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر حسنین حیدر تھہیم نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عدالتی ڈگری پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو عدالتی ڈگری پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے سے متعلق بھی حکم دیا۔